میلان میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیرِ اہتمام سالانہ عظیم الشان جلوسِ عید میلاد النبی ﷺ

Più informazioni su

    میلان، اٹلی — خصوصی رپورٹ: شاہد ملک

    منہاج القرآن انٹرنیشنل میلان، اٹلی کے زیرِ اہتمام سالانہ عید میلاد النبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے سلسلے میں ایک پُروقار اور عظیم الشان جلوسِ میلاد کا انعقاد کیا گیا، جس میں میلان اور گرد و نواح میں مقیم مسلم کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جلوس میں خواتین، بچوں اور مردوں کی بھرپور شرکت نے اس مذہبی اجتماع کو مزید پُروقار بنا دیا۔

    جلوس کا آغاز میلان سینٹرل ریلوے اسٹیشن سے ہوا، جہاں سے عاشقانِ رسول ﷺ درود و سلام، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے مقررہ راستے سے پیازا ریپبلیکا (Piazza della Repubblica) کی جانب روانہ ہوئے۔ جلوس پیازا ریپبلیکا پہنچنے کے بعد دوبارہ میلان سینٹرل ریلوے اسٹیشن کی جانب واپس آیا، جہاں اس کا پُرامن اور روحانی ماحول میں اختتام ہوا۔

    جلوس کے شرکاء نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت و محبت کے گلہائے عقیدت پیش کیے اور درود و سلام کا نذرانہ پیش کرتے رہے۔ جلوس کے دوران فضا نعتِ رسولِ اکرم ﷺ، درود و سلام اور محبتِ رسول ﷺ کے جذبات سے معمور رہی۔

    اس موقع پر منہاج القرآن سسٹر لیگ نے بھی بھرپور شرکت کی۔ خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے نظم و ضبط کے ساتھ جلوس میں شرکت کرتے ہوئے حضور نبی اکرم ﷺ سے اپنی والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی نئی نسل کو قرآنِ کریم، سیرتِ طیبہ ﷺ اور اسلامی اخلاق و اقدار سے جوڑنے کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کرتے رہیں گے۔

    جلوس کے دوران متعلقہ سکیورٹی اور انتظامی اداروں نے اپنے فرائض ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیے۔ انتظامیہ کے تعاون سے جلوس مقررہ راستے پر پُرامن ماحول میں جاری رہا اور کسی ناخوشگوار صورتحال کے بغیر اختتام پذیر ہوا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل میلان کی انتظامیہ نے جلوس کے پُرامن انعقاد میں تعاون کرنے والے تمام متعلقہ اداروں اور اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔

    Milano celebra il Mawlid an-Nabi ﷺ con un grande corteo organizzato da Minhaj-ul-Quran International

    جلوس کے اختتام پر منعقدہ خصوصی پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور گلہائے عقیدت پیش کیے۔ مقررین نے میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی اہمیت، سیرتِ طیبہ، محبتِ رسول ﷺ، قرآنِ کریم سے وابستگی، اتحادِ امت اور حسنِ اخلاق کے موضوعات پر پُرجوش اور فکر انگیز خطابات کیے۔

    مقررین نے کہا کہ حضور نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ رحمت للعالمین بن کر دنیا میں تشریف لائے اور آپ ﷺ کی سیرتِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے امن، محبت، عدل، رواداری، برداشت اور حسنِ اخلاق کا عملی نمونہ ہے۔ آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے مسلمان نہ صرف اپنی انفرادی زندگی کو بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ معاشرے میں امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

    مقررین نے مسلم کمیونٹی پر زور دیا کہ مسلمان اتحاد و اتفاق کو اپنی طاقت بنائیں، کیونکہ اتحاد میں برکت ہے۔ قرآنِ کریم کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں، خود بھی قرآنِ پاک پڑھیں اور اپنی اولاد کو بھی قرآنِ کریم ترجمے اور مفہوم کے ساتھ پڑھائیں، تاکہ نئی نسل قرآنِ مجید کے پیغام، عظمت اور تعلیمات کو سمجھ سکے اور انہیں اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا سکے۔

    انہوں نے کہا کہ قرآنِ کریم محض تلاوت کی کتاب نہیں بلکہ انسان کے لیے ہدایت، علم اور مکمل ضابطۂ حیات ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ قرآنِ کریم کی تعلیمات کی روشنی میں دینی اور دنیاوی علوم حاصل کریں، اپنی نئی نسل کو تعلیم و تربیت سے آراستہ کریں اور علم و کردار کے ذریعے معاشرے میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔

    Milano celebra il Mawlid an-Nabi ﷺ con un grande corteo organizzato da Minhaj-ul-Quran International

    مقررین نے اٹلی اور یورپ میں مقیم مسلم کمیونٹی کو خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مسلمان جس معاشرے میں رہتے ہیں وہاں امن، احترام، رواداری، بھائی چارے اور حسنِ اخلاق کو فروغ دیں۔ اٹلی کے مقامی شہریوں، پڑوسیوں، دوستوں اور دیگر کمیونٹیز کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آنا اور باہمی احترام کو فروغ دینا اسلامی تعلیمات کا اہم حصہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ خوشی کے مواقع پر اپنے اطالوی پڑوسیوں اور دوستوں کے ساتھ تحائف کا تبادلہ، ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک ہونا اور محبت و اخوت کا اظہار معاشرتی تعلقات کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ مسلمانوں کو اپنے کردار، اخلاق اور عملی زندگی کے ذریعے یہ ثابت کرنا چاہیے کہ وہ حضور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے والے اور آپ ﷺ کے سچے امتی ہیں۔

    مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یورپ میں مقیم مسلمان اپنی مذہبی شناخت اور اسلامی اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے معاشرے کے قوانین کا احترام کریں، اپنے بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کریں اور اپنے مثبت کردار کے ذریعے اسلام کے حقیقی پیغامِ امن و محبت کو اجاگر کریں۔

    جلوس اور اختتامی پروگرام کے بعد شرکاء کے لیے لنگرِ میلاد کا خصوصی اہتمام معروف بزنس میں تنویر احمد کی طرف سے کیا گیا، جہاں حاضرین میں کھانا تقسیم کیا گیا۔ منتظمین اور رضاکاروں نے شرکاء کی خدمت اور لنگر کی تقسیم کے امور خوش اسلوبی سے انجام دیے۔

    میلان میں منعقد ہونے والے اس سالانہ جلوسِ میلاد نے ایک مرتبہ پھر محبتِ رسول ﷺ، قرآنِ کریم سے وابستگی، اتحادِ امت، حسنِ اخلاق، علم و تعلیم، امن اور معاشرتی ہم آہنگی کا پیغام اجاگر کیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سیرتِ طیبہ ﷺ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بناتے ہوئے اٹلی میں ایک پُرامن، مثبت، تعلیم یافتہ اور بااخلاق مسلم کمیونٹی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    منہاج القرآن انٹرنیشنل میلان کی جانب سے منعقدہ یہ پُروقار اجتماع محبتِ رسول ﷺ، اتحاد و اخوت، قرآن فہمی، حسنِ اخلاق اور انسانیت کے احترام کا خوبصورت پیغام دیتے ہوئے اختتام پذیر ہوا۔

    Milano celebra il Mawlid an-Nabi ﷺ con un grande corteo organizzato da Minhaj-ul-Quran International

    Più informazioni su

    Commenti

    L'email è richiesta ma non verrà mostrata ai visitatori. Il contenuto di questo commento esprime il pensiero dell'autore e non rappresenta la linea editoriale di QuiBrescia, che rimane autonoma e indipendente. I messaggi inclusi nei commenti non sono testi giornalistici, ma post inviati dai singoli lettori che possono essere automaticamente pubblicati senza filtro preventivo. I commenti che includano uno o più link a siti esterni verranno rimossi in automatico dal sistema.